ارجنٹائن میں فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار،7 افراد جان کی بازی ہار گئے
ارجنٹائن کے مغربی صوبے سان خوان میں جنگلات کی آگ بجھانے کے مشن پر مامور ایک فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں عملے سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔
صوبائی حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا بیل 412 ہیلی کاپٹر سان خوان کے ایشگوالاستو نیچرل پارک میں لگی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہا تھا۔
گورنر مارسیلو اوریگو نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے لیے یہ ایک انتہائی افسوسناک سانحہ ہے۔ انہوں نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت بھی کیا۔
حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں فائر فائٹرز، پولیس اہلکار اور سول پروٹیکشن کے عملے کے ارکان شامل ہیں، جو آگ بجھانے اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔
ایمرجنسی سروسز کے مطابق ہیلی کاپٹر کا بدھ کی صبح بیس اسٹیشن سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ بعد ازاں اس کے حادثے کی تصدیق ہوئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر پڑوسی صوبے لا ریوجا جا رہا تھا تاکہ وہاں جنگلات میں بھڑکنے والی آگ پر قابو پانے کی کارروائیوں میں معاونت فراہم کی جا سکے۔
حکام نے بتایا کہ حادثے کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ حادثے کے اسباب کا تعین کیا جا سکے۔
PNP
Comments are closed.