by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کراچی: چیف جسٹس پاکستان سے خواتین وکلاء کی ملاقات

—فائل فوٹو

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سندھ ہائی کورٹ بار اور کراچی بار کی خواتین نمائندگان نے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے بتایا کہ ملک بھر کی عدالتوں میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے، جن کا مقصد خواتین سائلین کو آسان اور سازگار عدالتی ماحول فراہم کرنا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کے مطابق ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز میں ثالثی اور متبادل حلِ تنازعات کی سہولتیں بھی دستیاب ہوں گی، جبکہ خواتین کو نفسیاتی معاونت اور متعلقہ اداروں سے رابطے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے لیے بہترین تین ڈیزائن منتخب کر لیے گئے ہیں، جبکہ منتخب ڈیزائن تمام ہائیکورٹس کو بطور ماڈل ڈیزائن فراہم کیے جائیں گے۔

خواتین وکلاء نے خواتین سائلین کی سہولت کو ترجیح دینے پر چیف جسٹس پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے دوران خواتین وکلاء کی نمائندگان نے انصاف تک رسائی اور قانونی پیشے سے متعلق مختلف مسائل بھی اٹھائے۔

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے خواتین وکلاء کو مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ہائی کورٹس اور دیگر اداروں سے مشاورت کے بعد ان مسائل پر پیش رفت کی جائے گی۔



PNP

Comments are closed.