کراچی(پی این پی) شہر میں ٹریفک سنگلز کو کمپیوٹرائز کرنے اور رکشوں میں ڈیجیٹل میٹر نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
کمشنر کراچی حسن نقوی کی زیر صدارت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کراچی میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ٹریفک سگنلز کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ابتدائی طور پر 5 اہم ٹریفک سگنلز کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں پی آئی ڈی سی، سندھ کلب، اور آواری ٹاورز کے سگنلز پر نئے سسٹم کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔
کمشنر کراچی حسن نقوی نے بتایا کہ شہر کے 16 خراب سگنلز میں سے 12 کو فعال کر دیا گیا ہے۔مسافروں کی سہولت کے لیے رکشوں میں ڈیجیٹل میٹرز نصب کرنے کا باقاعدہ فیصلہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ کمشنر کراچی نے آر ٹی اے کو ہدایت کی کہ بسوں کے نئے روٹس کا اجرا کیا جائے اور ان روٹس کو مکمل طور پر شہریوں کی ضروریات کے مطابق تشکیل دیا جائے تا کہ عوام کو سفری مشکلات سے نجات مل سکے۔
PNP
Comments are closed.