by Rao Imran Suleman
Rao Nama

شرجیل میمن نے نامعلوم سوشل میڈیا اکاؤنٹس کیخلاف این سی سی آئی اے میں شکایت درج کروا دی

کراچی (پی این پی) سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے نامعلوم سوشل میڈیا اکاؤنٹس کیخلاف این سی سی آئی اے میں شکایت درج کروا دی۔

نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق شرجیل میمن نے اپنے اور بیٹے کے خلاف جھوٹا اور بدنیتی پر مبنی موادپھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے شکایت میں کہا کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ان ساکھ متاثر کرنےکی کوشش کی گئی، گلستان جوہر کے گیسٹ ہاؤس کی ملکیت شرجیل میمن سے منسوب کرنا بے بنیاد ہے۔

شرجیل میمن کے بیٹے کے لندن جانے اور سیکیورٹی گارڈ رکھنے سے متعلق دعویٰ بھی جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ میڈیکل بورڈ تبدیل، تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات بھی بے بنیاد ہیں۔

شرجیل میمن نے 4 سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مربوط اور منظم مہم چلانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایک جیسے الفاظ اوربیک وقت پوسٹس منظم سوشل میڈیامہم کی نشاندہی کرتے ہیں، نامعلوم افراد جعلی شناخت، بوٹ نیٹ ورک یا پراکسی اکاؤنٹس استعمال کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا مہم کے پیچھے سیاسی عناصر کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ نامعلوم افراد کی شناخت کے لیے فرانزک اور تکنیکی تحقیقات کی جائیں۔

این سی سی آئی اے سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا آئی پی لاگ اور سم ڈیٹا حاصل کرنے کی درخواست کی گئی ہے ساتھ ہی متعلقہ پلیٹ فارمز اور سروس فراہم کنندگان سے ڈیٹا اور لاگز محفوظ رکھنےکی درخواست کی گئی ہے۔

سوشل میڈیا مہم کی فنڈنگ، رابطہ کاری اور اصل ماخذ کا سراغ لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ ذمہ دار افراد کے خلاف پیکا ایکٹ اور دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جائے۔

شرجیل میمن کی این سی سی آئی اے سےشکایت درج کرکےتحقیقات شروع کرنے کی درخواست کی ہے۔



PNP

Comments are closed.