ٹرمپ ایران جنگ ہار چکے ہیں، ڈیموکریٹک سینیٹر کرس مرفی
واشنگٹن: امریکی ڈیموکریٹک سینیٹر کرس مرفی نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں امریکا کو فائدے کے بجائے نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
کرس مرفی کے مطابق جنگ جتنی طویل ہوگی، امریکا پر دباؤ بڑھتا جائے گا جبکہ ایران اپنی پوزیشن مزید مضبوط کرنے میں کامیاب ہوسکتا ہے۔ انہوں نے جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے فوری سفارتی پیش رفت پر زور دیا۔
سینیٹر نے امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ وہ جنگ ختم کرنے کے لیے ایسا معاہدہ بھی قبول کرنے پر آمادہ ہیں جسے وہ مثالی نہ سمجھتے ہوں، کیونکہ ان کے نزدیک تنازع کا جاری رہنا زیادہ نقصان دہ ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مذاکرات میں تاخیر کے باعث آبنائے ہرمز کی بحالی کی قیمت بڑھ رہی ہے، جبکہ جنگ کے اثرات امریکا میں بھی مہنگائی اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کی صورت میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔
کرس مرفی نے مزید کہا کہ وہ جنگ جاری رکھنے کے لیے اضافی فنڈز کی مخالفت کریں گے، تاہم تنازع ختم ہونے کے بعد امریکی دفاعی ذخائر کو دوبارہ بھرنے کے اقدامات کی حمایت کریں گے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان براہ راست مذاکرات نہیں ہو رہے۔ ایران کا مؤقف ہے کہ امریکا کی جانب سے اس کے مطالبات تسلیم کیے جانے تک آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔
PNP
Comments are closed.