ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات علاقائی سیکیورٹی میں اضافہ کا سبب بن سکتے ہیں۔
ایران کے صدر نے گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے تہران میں ملاقات کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ تہران تیار ہے کہ وہ اسلام آباد کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سیکیورٹی فیلڈز میں تعلقات گہرے کرے۔
ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ ایران سے تعلقات بڑھانے اور انہیں مضبوط کرنے سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی حکام کی محبت اور دلچسپی ایران کیلئے انتہائی قابل قدر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران تمام شعبوں میں پاکستان سے تعلقات بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے اور مشترکہ تعاون کی راہ ہموار کرنے کیلئے تیار ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تعلقات بڑھانے اور تعاون گہرا کرنے سے باہمی مفادات یقینی ہوں گے اور علاقائی سیکیورٹی و استحکام بھی مضبوط ہوگا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات مضبوط اور نہ ٹوٹنے والے ہیں، تہران سے تعلقات کو جامع انداز سے بڑھانے کیلئے اسلام آباد انتہائی سنجیدہ عزم کےساتھ اقدامات کررہا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اس سے پہلے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اپنے ہم منصب محسن مومنی سے بھی ملے تھے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقاتوں میں خطے کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس سے پہلے وزیر دفاع خواجہ آصف کا یہ بیان سامنے آیا تھا کہ امریکا اور ایران سمجھوتے کے قریب ہیں۔
امریکی میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا تھا کہ معاملات ایک بار پھر امن معاہدے یا سمجھوتے کی طرف جارہے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو تین روز سے ملنے والے اشارے بتارہے ہیں کہ فریقین کسی نہ کسی سمجھوتے کے قریب ہیں، پائیدار امن پورے خطے کے مفاد میں ہوگا۔
PNP
Comments are closed.