by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پیپلزپارٹی نے 10 رہنماؤں کو پارٹی سے نکال دیا

اسلام آباد (پی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے 10 رہنماؤں کو پارٹی سے خارج کردیا ہے۔

یہ اقدام الیکشن 2026 کے دوران پارٹی پالیسی اور قیادت کے فیصلوں کی مبینہ خلاف ورزی پر کیا گیا۔پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے متعلقہ رہنماؤں کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کے احکامات جاری کیے، جبکہ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔پارٹی کارروائی کی زد میں آنے والوں میں مرکزی نائب صدور خواجہ طارق سعید ایڈووکیٹ اور سردار عنایت اللہ عارف شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع حویلی کے پیپلز پارٹی صدر شیخ خورشید کی رکنیت بھی ختم کردی گئی۔نوٹیفکیشن کے مطابق ایل اے 44 ویلی راولپنڈی کے سابق ٹکٹ ہولڈر حمزہ مجید بازمی کو بھی پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔ کوٹلی سے ملک یوسف اور رشید بانینان جبکہ سدھنوتی کے سابق ٹکٹ ہولڈر سردار رئیس انقلابی کی پارٹی رکنیت بھی ختم کردی گئی۔

اسی کارروائی کے تحت پیپلز پارٹی سٹی میرپور کے سابق جنرل سیکریٹری راجہ ذوالفقار ذلفی، پی پی میرپور ڈویژن کے جنرل سیکریٹری چوہدری عبدالرحمان ایڈووکیٹ اور جموں کے نائب صدر شوکت وزیر علی کی رکنیت بھی منسوخ کردی گئی ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق رہنماؤں کے خلاف کارروائی الیکشن کے دوران پارٹی ڈسپلن اور قیادت کے فیصلوں کی خلاف ورزی کی بنیاد پر کی گئی۔ اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کی نقول پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر متعلقہ پارٹی قیادت کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔

PNP

Comments are closed.