امریکا اور اسرائیل نے جنگ مسلط کی، ایران نے اپنا دفاع کیا:ایرانی صدر
تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اپنے ملک کا دفاع کرنا ایران کا جائز حق ہے اور ضرورت پڑنے پر ملک کے دفاع کے لیے اس حق کو استعمال کیا جائے گا۔
40ویں انٹرنیشنل اسلامک یونیٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کمزور نہیں اور اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
ایرانی صدر کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے مذاکرات کے دوران ایران پر جنگ مسلط کی، جبکہ ایران نے جنگ کا آغاز نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جارحیت کا سامنا ہونے پر ایران نے مزاحمت کے ذریعے اپنا دفاع کیا۔
مسعود پزشکیان نے فلسطین کے معاملے پر ایران کے مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کے دفاع اور فلسطینی سرزمین پر قبضے کو مسترد کرنا ایران اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔
انہوں نے اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کی سلامتی کا احترام کریں اور ایک دوسرے کے خلاف ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے باہمی امن و استحکام متاثر ہو۔
ایرانی صدر نے کہا کہ خطے کی سلامتی کے معاملات کی ذمہ داری اسلامی ممالک کو خود سنبھالنی چاہیے اور علاقائی مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا کے ممالک متحد ہو کر خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لیے مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
PNP
Comments are closed.