by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ایران ایک ہفتے کے دوران 59 زلزلوں کے جھٹکوں سے لرز اٹھا

تہران: ایران میں ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 59 زلزلے ریکارڈ کیے گئے ہیں، جس کے بعد ملک میں زلزلہ خیزی کے حوالے سے ایک بار پھر تشویش بڑھ گئی ہے۔

تہران یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف جیو فزکس کے سیسمولوجیکل نیٹ ورکس کی رپورٹ کے مطابق 15 سے 21 اگست کے دوران ایران میں آنے والے زلزلوں میں سے 54 کی شدت 3 سے کم تھی، جبکہ 3 زلزلوں کی شدت 3 سے 4 اور 2 کی شدت 4 سے 5 کے درمیان ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق 19 اگست کو کرمانشاہ صوبے میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 ریکارڈ ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق خراسان رضوی صوبہ اس عرصے کے دوران سب سے زیادہ زلزلوں سے متاثر رہا، جہاں 13 جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔ کرمانشاہ اور کرمان میں 7،7 جبکہ سمنان میں 6 زلزلے محسوس کیے گئے۔

تہران یونیورسٹی کی رپورٹ کے مطابق اسی مدت میں تہران سمیت مشرقی و مغربی آذربائیجان، اردبیل، البرز اور جنوبی خراسان سمیت 15 صوبوں میں کسی زلزلے کی اطلاع ریکارڈ نہیں ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مارچ 2025 سے مارچ 2026 کے دوران ایران میں 2.5 یا اس سے زیادہ شدت کے 2 ہزار 380 زلزلے ریکارڈ کیے گئے۔ ان میں 910 زلزلوں کی شدت 3 سے زیادہ، 130 کی شدت 4 سے زیادہ جبکہ 15 زلزلوں کی شدت 5 سے زائد تھی۔

ایران دنیا کے ان خطوں میں شمار ہوتا ہے جہاں زلزلوں کی سرگرمی نسبتاً زیادہ ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں آنے والے زلزلوں کا تقریباً 2 فیصد ایران میں ریکارڈ کیا جاتا ہے، جبکہ گزشتہ صدی کے دوران زلزلوں سے ہونے والی عالمی اموات میں ایران کا حصہ 6 فیصد سے زیادہ رہا ہے۔

PNP

Comments are closed.