by Rao Imran Suleman
Rao Nama

یوکرین: روسی ڈرون حملے میں 37 شہری ہلاک، 42 زخمی

کیف: یوکرینی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ دارالحکومت کیف کے نواحی علاقے میں مبینہ روسی ڈرون حملے کے نتیجے میں 37 شہری ہلاک اور 42 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈرون حملے کا مبینہ ہدف ایک اسلحہ ڈپو تھا، تاہم دھماکے کے نتیجے میں قریبی شہری آبادی بھی متاثر ہوئی اور تقریباً 50 رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی کے درمیان اسلحہ ڈپو کا موجود ہونا ایک سنگین معاملہ ہے۔

زیلنسکی کے مطابق اس واقعے کی ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس معاملے کے ذمہ دار ہیں، انہیں قانون کے مطابق جواب دینا ہوگا۔

یوکرینی صدر نے مزید کہا کہ شہری علاقوں میں عسکری تنصیبات کے حوالے سے غفلت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اور تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

دوسری جانب زیلنسکی نے روس کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین پر کیے جانے والے ہر اقدام کا جواب دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے دوران ڈرون حملوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث دونوں ممالک میں شہری آبادی بھی متاثر ہورہی ہے۔

PNP

Comments are closed.