by Rao Imran Suleman
Rao Nama

امریکا کو پچھتاوا ہونے تک حملے جاری رہیں گے: ایران

تہران: ایران نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی افواج اور اڈوں کے خلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک واشنگٹن کو اپنے اقدامات پر پچھتاوا نہیں ہوتا۔

ایران کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹرز کے ترجمان کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے اپنے بیان میں کہا کہ جنوبی ایران میں فوجی اور شہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے جواب میں ایرانی فورسز نے خطے میں موجود امریکی اڈوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی پر نشر ہونے والی تقریر میں ابراہیم ذوالفقاری نے دعویٰ کیا کہ ایرانی حملوں کے نتیجے میں امریکی تنصیبات، بنیادی ڈھانچے، ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کو نمایاں نقصان پہنچا۔

ایرانی ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ کارروائیوں میں امریکی کمانڈرز اور فوجیوں کی ایک بڑی تعداد جاں بحق یا زخمی ہوئی، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کے خلاف ایرانی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک امریکی قیادت کو اپنے مبینہ جرائم پر پچھتاوا نہیں ہوتا۔

ابراہیم ذوالفقاری نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف حملوں کا سلسلہ جاری رکھا تو تہران کی جانب سے مزید شدید، وسیع اور تباہ کن ردعمل دیا جائے گا۔

ایرانی ترجمان نے امریکا کے ساتھ فوجی تعاون کرنے والے ممالک کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس تعاون کے ممکنہ سنگین نتائج کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

PNP

Comments are closed.