by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ایران کا آبنائے ہرمز میں مزید بحری بارودی سرنگیں بچھانے کا دعویٰ

تہران: ایران نے آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں مزید بحری بارودی سرنگیں بچھانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی مسلح افواج کی آپریشنل سرگرمیوں سے متعلق مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ رات کے دوران آبنائے ہرمز کے جنوب میں بعض بحری راستوں پر مزید بارودی سرنگیں بچھائی گئیں۔

ایرانی ترجمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کا نام تبدیل کرنے کی تجویز پر بھی طنز کیا اور کہا کہ امریکی سینٹرل کمانڈ اگر چاہے تو صرف کمپیوٹر کے ذریعے اس آبی گزرگاہ کا نام تبدیل کرسکتی ہے۔

یہ دعویٰ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ جاری ہے۔ اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا تھا کہ بحری آمدورفت کے راستوں سے بارودی سرنگیں ہٹا دی گئی ہیں اور تیل بردار جہازوں کے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے سے متعلق اطلاعات کو گمراہ کن قرار دیا تھا۔

دوسری جانب ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ دو تیل بردار بحری جہاز بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد دھماکوں اور آگ کی زد میں آگئے۔ ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ بحری کمپنیوں کو آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے متاثرہ راستوں سے گزرنے کے خطرات سے پہلے ہی خبردار کیا گیا تھا۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے مزید کہا کہ امریکی ہدایات پر خطرناک راستوں کا انتخاب کرنے والی بحری کمپنیوں کے خلاف اضافی اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

PNP

Comments are closed.