خواتین کے تحفظ کے لیے اہم اقدام مفت ہیلپ لائن متعارف
اسلام آباد ( پی این پی)پنجاب حکومت نے مشکل اور ہنگامی حالات میں خواتین کو فوری معاونت فراہم کرنے کے لیے مفت ٹول فری ہیلپ لائن شروع کردی ہے۔ اس سہولت کے ذریعے متاثرہ خواتین کو قانونی رہنمائی کے ساتھ نفسیاتی اور دیگر ضروری مدد بھی فراہم کی جائے گی۔
حکام کے مطابق گھریلو تشدد، جسمانی ہراسانی یا آن لائن مسائل کا شکار خواتین 01737 0800 پر بلا معاوضہ رابطہ کرسکتی ہیں۔ ہیلپ لائن کے ذریعے خواتین کی شکایات اور حالات کا جائزہ لے کر انہیں متعلقہ اداروں تک رسائی میں بھی مدد دی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ لاہور کی نگرانی میں قائم اس نظام میں پولیس، ہسپتالوں اور ماہرینِ نفسیات کا تعاون حاصل کیا گیا ہے، تاکہ متاثرہ خواتین کو بروقت اور غیر جانب دارانہ معاونت فراہم کی جاسکے۔
ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے والی خواتین کو قانونی حقوق، ایف آئی آر کے اندراج، عدالتی کارروائی اور دیگر قانونی معاملات کے حوالے سے رہنمائی دی جائے گی۔ کسی ہنگامی صورتحال میں ضرورت کے مطابق ریسکیو سروسز اور متعلقہ محکموں سے رابطہ کرنے میں بھی مدد فراہم کی جائے گی۔
انتظامیہ کے مطابق خواتین کے لیے قائم تحفظ مراکز، شیلٹر ہومز، پولیس اسٹیشنز اور طبی مراکز تک رسائی بھی اس سہولت کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ ماہرینِ نفسیات کی جانب سے کونسلنگ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، تاکہ مشکل حالات سے گزرنے والی خواتین کو ذہنی اور جذباتی مدد فراہم کی جاسکے۔
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ خواتین کے جان و مال، عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ سرکاری وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ حکام نے خواتین سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی خطرے یا مشکل صورتحال میں خاموش رہنے کے بجائے فوری طور پر دستیاب سرکاری امدادی نظام سے رابطہ کریں۔
PNP
Comments are closed.