by Rao Imran Suleman
Rao Nama

اٹلی نے پاکستانی طلباء کو وارننگ دے دی

اسلام آباد میں قائم اٹلی کے سفارتخانے نے پاکستانی طلبہ کو اسٹڈی ویزا کی درخواستوں کے ساتھ دستاویزات جمع کراتے وقت محتاط رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ سفارتخانے کے مطابق جعلی اور مشکوک کاغذات جمع کرانے کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں طلبہ کو خبردار کیا کہ ویزا درخواست کے ساتھ غیر مستند دستاویزات فراہم کرنے سے درخواست فوری طور پر مسترد ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ ایسی جعل سازی مستقبل میں اٹلی کے ویزے کے لیے دی جانے والی درخواستوں پر بھی منفی اثر ڈال سکتی ہے۔

اٹلی کے اسٹڈی ویزا کے لیے طلبہ کو تعلیمی اسناد سمیت دیگر ضروری دستاویزات پیش کرنا ہوتی ہیں، جن کی متعلقہ حکام سے جانچ اور تصدیق کے بعد ویزا درخواست پر کارروائی کی جاتی ہے۔

ویزا اپائنٹمنٹ کے لیے BLS مراکز

اٹلی کے شینگن، فیملی ری یونین اور ورک ویزا کی مختصر مدت کی درخواستیں BLS Visa Application Centres کے ذریعے جمع کرانے کا طریقہ کار مقرر کیا گیا ہے۔ پاکستان میں یہ مراکز اسلام آباد، لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں قائم ہیں۔

درخواست گزاروں کو اپائنٹمنٹ حاصل کرنے کے لیے اٹلی کے ویزا سے متعلق سرکاری پورٹل کے ذریعے بکنگ کرنی ہوتی ہے۔ فیملی ری یونین اور ورک ویزا کی زیادہ درخواستوں کے باعث فی الحال بعض کیٹیگریز میں ویٹنگ لسٹ موجود ہے، تاہم سفارتخانے کے مطابق فہرست میں شامل تمام اہل درخواست گزاروں کو بالآخر اپائنٹمنٹ فراہم کی جائے گی۔

یورپی یونین کے شہریوں کے اہل خانہ کے لیے الگ طریقہ کار

اطالوی یا کسی دوسرے یورپی یونین کے شہری کے اہل خانہ کے لیے فیملی ری یونین ویزا کا طریقہ کار عام درخواستوں سے مختلف ہے۔ ایسے افراد براہ راست اطالوی سفارتخانے سے اپائنٹمنٹ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

سفارتخانے کے مطابق ان درخواست گزاروں کو مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ مخصوص طریقہ کار کے تحت رابطہ کرنا ہوگا۔ ضروری کاغذات اور مزید تفصیلات سفارتخانے کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

اسٹڈی ویزا کے لیے طلبہ کو کیا کرنا ہوگا؟

اٹلی کی یونیورسٹی میں داخلے کے خواہشمند طلبہ کو سب سے پہلے Universitaly پورٹل پر پری انرولمنٹ کا عمل مکمل کرنا ہوگا۔ پری انرولمنٹ کی تصدیق کے بعد BLS کی جانب سے متعلقہ طالب علم سے رابطہ کرکے ویزا اپائنٹمنٹ کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔

سفارتخانے نے طلبہ کو واضح ہدایت دی ہے کہ وہ اسٹڈی ویزا کے لیے عام شینگن یا ورک ویزا کی طرح خود سے اپائنٹمنٹ بک کرنے کی کوشش نہ کریں۔

جعلی ایجنٹوں سے ہوشیار رہنے کی ہدایت

اطالوی سفارتخانے نے ویزا اپائنٹمنٹ کے نام پر ہونے والے فراڈ سے بھی خبردار کیا ہے۔ سفارتخانے کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ بعض غیر قانونی ایجنٹ رقم کے عوض ویزا اپائنٹمنٹ فراہم کرنے کا دعویٰ کررہے ہیں۔

سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ ویزا اپائنٹمنٹ خریدنے کی ضرورت نہیں اور اگر کوئی فرد یا ایجنسی پیسوں کے بدلے اپائنٹمنٹ دلوانے کی پیشکش کرے تو اس کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دی جائے۔

سفارتخانے کے مطابق غیر قانونی ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، جبکہ درخواست گزاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ویزا سے متعلق معلومات اور اپائنٹمنٹ کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔

PNP

Comments are closed.