by Rao Imran Suleman
Rao Nama

جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملہ، 2 افراد جاں بحق

 جنوبی لبنان میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے میں موٹر سائیکل سوار 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق حملہ نبیتیہ کے علاقے میں اسٹریٹجک علی الطاہر رج کے قریب کیا گیا، جہاں اسرائیلی فوج کا کنٹرول قائم ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2 نوجوان موٹر سائیکل پر سفر کر رہے تھے کہ انہیں اسرائیلی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ امدادی کارکنوں نے دونوں افراد کی لاشیں مقامی اسپتال منتقل کردیں۔

اسرائیلی فوج نے جمعرات کو علی الطاہر رج کا کنٹرول سنبھالنے کا اعلان کیا تھا۔ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کا کہنا تھا کہ فوج کا مقصد حزب اللہ کو اس علاقے میں دوبارہ اپنی موجودگی قائم کرنے سے روکنا ہے۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے نبیتیہ کے مختلف علاقوں میں حملوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔ طائر کے علاقے میں واقع رمادیہ گاؤں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جو اسرائیلی سرحد سے 10 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر ہے۔

جنوبی لبنان میں اسرائیلی کارروائیاں ایسے وقت میں جاری ہیں جب اسرائیل اور ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی برقرار ہے۔

PNP

Comments are closed.