ایران پر حملہ ہوا تو جواب پہلے سے زیادہ سخت اور دردناک ہوگا،قالیباف
تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے مفادات اور سلامتی کے خلاف کسی بھی نئی جارحیت کی صورت میں تہران کا ردعمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیز، بھاری اور دردناک ہوگا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ سے خطاب میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ ایران کی جانب سے ماضی میں دیے جانے والے متناسب جوابات کا دور ختم ہوچکا ہے اور حالات کے ساتھ حکمت عملی بھی تبدیل ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے حالیہ کارروائیوں میں مخالف اہداف کو پہنچنے والے نقصانات صرف ایک آغاز تھے۔ قالیباف کے مطابق اگر امریکا نے ایران کے مفادات یا سلامتی کے خلاف مزید کوئی قدم اٹھایا تو اسے پہلے سے زیادہ سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا یہ بیان ایران اور امریکا کے درمیان جاری شدید کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے، جس سے خطے میں مزید فوجی تصادم کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
قالیباف نے اپنے خطاب میں فوجی معاملات کے ساتھ ایران کو درپیش معاشی چیلنجز کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ملکی معیشت، مہنگائی، روزگار اور مارکیٹ کے مسائل پر بھی فوری توجہ دینا ضروری ہے۔
PNP
Comments are closed.