by Rao Imran Suleman
Rao Nama

معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنر ایچ ایس وائے کا موبائل فون اور ذاتی اکاؤنٹس ہیک

کراچی(پی این پی) پاکستان کے معروف فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین، جنہیں ایچ ایس وائے کے نام سے پہچانا جاتا ہے، کا موبائل فون اور ذاتی اکاؤنٹس ہیکرز کے نشانے پر آگئے،

جس کے بعد انہوں نے اپنے مداحوں، دوستوں اور متعلقہ افراد کو ممکنہ دھوکا دہی سے بچنے کے لیے خبردار کردیا۔ایچ ایس وائے نے اپنے سماجی رابطے کے کھاتے پر جاری بیان میں انکشاف کیا کہ 20 اکتوبر کو ان کا موبائل فون، واٹس ایپ، برقی ڈاک اور رابطہ نمبروں کی فہرست ہیکرز کی دسترس میں آگئی تھی۔ واقعے کے بعد ان کے نام سے بڑی تعداد میں لوگوں کو پیغامات بھیجے گئے۔فیشن ڈیزائنر کے مطابق انہیں تاحال معلوم نہیں کہ ان کے کھاتوں سے کتنے اور کس نوعیت کے پیغامات بھیجے گئے ہیں، تاہم سیکڑوں افراد کو ان کے نام سے پیغامات موصول ہوچکے ہیں۔

انہوں نے اپنے مداحوں، دوستوں اور عام شہریوں پر زور دیا کہ اگر انہیں ان کے نام سے کوئی مشکوک یا غیر معمولی پیغام موصول ہو تو اس کا جواب نہ دیں اور نہ ہی کسی کو رقم یا ذاتی معلومات فراہم کریں۔ایچ ایس وائے نے خبردار کیا کہ کسی بھی مشکوک برقی ربط یا فائل کو کھولنے سے گریز کیا جائے اور کسی ہدایت پر عمل کرنے سے پہلے ان کے قابلِ اعتماد فون نمبر پر براہِ راست تصدیق ضرور کی جائے۔اپنی خیریت سے متعلق انہوں نے بتایا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور ان کی ٹیم متاثرہ کھاتوں کو دوبارہ محفوظ بنانے کے لیے کام کررہی ہے۔ انہوں نے اس واقعے کے باعث اپنے چاہنے والوں کو پیش آنے والی پریشانی اور الجھن پر معذرت بھی کی۔

PNP

Comments are closed.