کراچی (پی این پی) گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے کرایوں میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 17 روز میں ڈیزل کی قیمت تقریباً 18 روپے بڑھ گئی جس سے ٹرانسپورٹرز کے اخراجات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ڈیزل مہنگا ہونے سے براہ راست بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے، بڑھتی ڈیزل قیمتوں کے باعث موجودہ کرایوں پر ٹرانسپورٹ چلانا مشکل ہوگیا ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹرز نے کہا کہ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے تحریری معاہدے پر من و عن عمل کیا جائے، معاہدے پر مکمل عملدرآمد نہ ہوا تو دوبارہ ہڑتال کے سوا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔
گزشتہ روز صدر گڈز ٹرانسپورٹرز ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکی شدید مذمت کرتے ہوئےکہا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کا فیصلہ ناقابلِ قبول ہے، حکومت یہ فیصلہ فوری واپس لے۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت کی یقین دہانی پر ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کی تھی، تاہم ہمارے بیشتر مطالبات تاحال التوا کا شکار ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا تھا کہ مطالبات پر مقررہ مدت میں پیش رفت نہ ہوئی تو گڈز ٹرانسپورٹرز دوبارہ ملک گیر ہڑتال کریں گے۔
PNP
Comments are closed.