by Rao Imran Suleman
Rao Nama

عمرہ زائرین کے بعد حاجیوں کیلیے بھی ویکسی نیشن لازم قرار

کراچی (پی این پی) بیرون ملک سفر کرنے والوں کیلیے کراچی ایئرپورٹ پر پولیو، گردن توڑ بخار، یلو فیور اور انفلوانزا ویکسی نیشن سینٹر نے کام شروع کردیا۔

نجی ٹی وی چینل ’‘ اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان کے فوکل پرسن ڈاکٹر مرتضیٰ شاہ بخاری نے بتایا کہ 14ستمبر کے بعد مسافروں پر نادرا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھائے بغیر سفر کرنا ناممکن ہوگا۔

 انہوں نے بتایا کہ ویکسی نیشن کیلئے فیڈرل گورنمنٹ سول ڈسپنسری واحد مجاز مرکز ہے، مخصوص ممالک اور عمرہ زائرین کے بعد حاجیوں کیلئے بھی ویکسی نیشن لازم قرار دی گئی ہے۔

 فوکل پرسن کا کہنا ہے کہ اس پابندی کا فوری اطلاق کراچی کے مسافروں پر ہے، جس کے بعد مرحلہ وار پشاور، اسلام آباد، لاہور کے مسافروں پر بھی پابندی عائد کی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ عمرہ زائرین سفر سے قبل مجاز نادرا ویکسی نیشن سینٹر سے سرٹیفکیٹ حاصل کریں، افریقہ، وسطی و جنوبی امریکا سے آنے والے مسافروں کیلئے یلو فیور ویکسی نیشن لازم قرار دی گئی ہے۔

 اس کے علاوہ افریقہ، وسطی جنوبی امریکا میں 10 گھنٹے ٹرانزٹ کے مسافروں پر بھی ویکسی نیشن لازم ہے، ایک سال یا اس سے زیادہ عمر کے مسافروں کے لیے پاکستان داخلے پر سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا۔

 فی الوقت سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والےمسافر کم سے کم 6 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچیں، کراچی ایئرپورٹ ڈیپارچر پر ہیلتھ کاؤنٹرز ویکسی نیشن کا انتظام کیا جارہا ہے، تمام ایئرلائنز کےاسٹیشن منیجرز، ٹریول ایجنٹس کو آگاہی کے نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔

 دوسری جانب فوکل پرسن بارڈر ہیلتھ سروسز کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر ویکسی نیشن سینٹر میں اتوار کے روز بھی عمرہ زائرین کا رش رہا کل سے کراچی ایئرپورٹ پر بھی ویکسین کاؤنٹر کا آغاز ہوگا۔

 14ستمبر کے بعد عمرے کیلئے سفر کرنے والے زائرین ویکسی نیشن کروا رہے ہیں، شہری نادرا ایپ یا سہولت سینٹر سے بائیو میٹرک کرکے سینٹر آئیں۔

 مرتضیٰ شاہ بخاری نے بتایا کہ مختلف ویکسی نیشنز کی مجموعی فیس ساڑھے 4 ہزار روپے تک ہے، فیس کی ادائیگی نادرا ایپ یا سہولت سینٹر سے کی جاتی ہے۔



PNP

Comments are closed.