by Rao Imran Suleman
Rao Nama

چین کی ایرانی ایئرلائنز پر امریکی پابندیوں کی مخالفت

چین نے ایرانی ایئرلائنز کے خلاف امریکی پابندیوں پر اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایسی یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے جو بین الاقوامی قانون یا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظوری کے بغیر عائد کی جائیں۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے یہ بیان امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ کے اس مؤقف کے بعد دیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکی پابندیوں کے نتیجے میں ایرانی ایئرلائنز کو دنیا کے مختلف حصوں میں اپنی پروازیں اور دیگر آپریشنز جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

چینی ترجمان سے جب امریکی پابندیوں کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ بیجنگ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق نہ ہونے والی یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتا ہے۔

یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جنپنگ کے درمیان جمعرات کو ملاقات متوقع ہے۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں دیگر عالمی اور دوطرفہ معاملات کے ساتھ ایران پر عائد امریکی پابندیوں کا معاملہ بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔

امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ کے مطابق انہوں نے حالیہ دنوں میں ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے معاملے پر چین کے نائب وزیراعظم سے گفتگو کی ہے۔

بیسنٹ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اور شی جنپنگ کی ملاقات کے دوران بھی ایران پر عائد پابندیوں سمیت دیگر متعلقہ امور پر بات چیت متوقع ہے۔

PNP

Comments are closed.