by Rao Imran Suleman
Rao Nama

شرجیل میمن نے پنک اسکوٹیز چلانے والے مردوں کو خبردار کر دیا

شرجیل انعام میمن— فائل فوٹو

سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہماری بہادر افواج بھارت کو گھٹنے کے بل لے آئی ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے بھارت کو عبرتناک شکست دی۔

میرپورخاص میں مفت پنک اسکوٹی کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پورے پاکستان کی خواتین کے لیے ہے، محترمہ شہید بے نظیر بھٹو نے خواتین کی خود مختاری کا آئیڈیا دیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ خواتین کے لیے پنک اسکوٹی کا اقدام بلاول بھٹو نے شروع کرایا، یہ بہت بڑے انقلابی اقدامات تھے، آج ایک اہم اورخوشی کا موقع ہے، میرپورخاص میں مفت اسکوٹی کی تقسیم خواتین کی ترقی کی جانب بہت بڑا انقلاب ہے۔

انہوں نے کہا کہ حلفیہ کہتا ہوں خواتین کو مفت اسکوٹیز میرٹ پر ملی ہیں، اس وقت تک 50 ہزار خواتین ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دے چکی ہیں، خواہش ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس ملنے کے بعد تمام 50 ہزار خواتین کو اسکوٹی دوں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں خواتین کے شناختی کارڈ بنانے کا تصور نہیں تھا، پیپلز پارٹی نے خواتین کو خود مختار بنانے پر سب سے زیادہ کام کیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ خواتین کے لیے پنک ٹیکسی بھی جلد شروع کی جائے گی، پنک اسکوٹی کے غلط استعمال کی اسٹریٹ چیکنگ کی جائے گی اور جہاں بھی مرد پنک اسکوٹی چلاتے نظر آئے تو وہ اسکوٹی ضبط ہو گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ خواتین کو پنک اسکوٹیز کی فراہمی کا یہ سلسلہ رکنے والا نہیں، سندھ واحد صوبہ ہے جو خواتین کو مفت ای وی اسکوٹیز فراہم کر رہا ہے۔



PNP

Comments are closed.