by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ایرانی پروازیں بند ہوئیں تو بڑا ردعمل ہوگا،ایران

ایران نے اپنی فضائی کمپنیوں پر عائد پابندیوں اور بعض ہوائی اڈوں پر سہولیات کی عدم دستیابی کے معاملے پر خطے کے ممالک کو سخت انتباہ جاری کردیا۔

ایرانی رہبرِ اعلیٰ کے مشیر محمد مخبر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ اگر ایرانی طیاروں کو پرواز کی اجازت اور ہوائی اڈوں کی ضروری سہولیات فراہم نہ کی گئیں تو خطے کے دیگر ممالک کے لیے بھی فضائی سفر کی سہولت برقرار نہیں رہے گی۔

محمد مخبر نے کہا کہ ایران کی حکمت عملی واضح ہے، خطے میں پروازوں کی سہولت یا تو سب کے لیے ہونی چاہیے یا کسی کے لیے نہیں۔ انہوں نے ان ممالک پر بھی تنقید کی جو ایران کے مطابق امریکہ کی پالیسیوں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی پابندیوں کے بعد خطے کے بعض ممالک اور ہوائی اڈوں نے ایرانی فضائی کمپنیوں کی پروازوں پر پابندیاں یا معطلی نافذ کی ہے۔ متحدہ عرب امارات اور عراق کے بعض ہوائی اڈوں سے ایرانی پروازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔

ایرانی حکام کی جانب سے یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ اگر پابندیاں جاری رہیں تو تہران عملی طور پر کیا اقدامات کرے گا، تاہم بیان سے خطے میں فضائی رابطوں سے متعلق کشیدگی میں اضافے کا عندیہ ملتا ہے۔

PNP

Comments are closed.