پاکستان کی مردوں کی قومی فٹبال ٹیم فیفا آسیان کپ کے افتتاحی میچ میں تھائی لینڈ کے ہاتھوں 0-4 کی شکست کے بعد منگل کو اپنے دوسرے میچ میں فلپائن کے خلاف میدان میں اترے گی، جہاں قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں واپسی کے لیے پُرعزم ہے۔
انڈونیشیا میں جاری فیفا آسیان کپ میں فلپائن کو بھی اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جہاں اسے ویتنام نے 0-1 سے ہرایا تھا۔
دونوں ٹیمیں منگل کو سی جالک ہاروپات اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی اور ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے پوائنٹس حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔
پاکستان اور فلپائن کے درمیان اب تک صرف ایک مسابقتی میچ کھیلا گیا ہے۔ 2013 کے فلپائن پیس کپ میں ہونے والے اس مقابلے میں فلپائن نے پاکستان کو 3-1 سے شکست دی تھی۔
فیفا عالمی درجہ بندی میں 198ویں نمبر پر موجود پاکستان پہلی مرتبہ فیفا کے کسی ایونٹ میں شرکت کر رہا ہے۔ گروپ میں شامل دیگر تمام ٹیمیں عالمی درجہ بندی میں پاکستان سے بہتر پوزیشن پر ہیں، جبکہ فلپائن فیفا رینکنگ میں 135ویں نمبر پر ہے۔
تھائی لینڈ کے خلاف شکست کے باوجود پاکستان کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو کو امید ہے کہ ٹیم فلپائن کے خلاف بہتر کھیل پیش کرے گی۔
سولانو نے کہا، ’مجھے اپنی ٹیم پر یقین ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم اپنے پہلے میچ سے بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ یہ ہمارے لیے سیکھنے اور فیفا آسیان کپ کے ذریعے ملنے والے تجربے سے فائدہ اٹھانے کا ایک اہم موقع ہے۔‘
تھائی لینڈ کے خلاف ہفتے کو کھیلے گئے میچ کے بعد پاکستان نے بانڈونگ میں دو تربیتی سیشنز کیے ہیں۔ ٹیم نے پیر کے روز بھی ایک بھرپور تربیتی سیشن میں حصہ لیا، جس کے بعد کھلاڑی فلپائن کے خلاف میچ کے لیے تیار ہیں۔
PNP
Comments are closed.