ایران کو پابندیوں میں نرمی کی پیشکش کی خبر غلط ہے،ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو اقتصادی پابندیوں میں نرمی اور منجمد اثاثوں کی واپسی کی پیشکش سے متعلق میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے ایران کو ایسی کوئی پیشکش نہیں کی۔ امریکی صدر نے ایگزیوس کی جانب سے شائع کی گئی خبر کو بھی غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ رپورٹ حقائق پر مبنی نہیں۔
ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ مذکورہ خبر ان کے خلاف تعصب کی عکاسی کرتی ہے اور ان کے سیاسی مخالفین کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے شائع کی گئی ہے۔
امریکی صدر نے ایگزیوس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس خبر کو فوری طور پر واپس لے۔ انہوں نے ایران سے متعلق سامنے آنے والی دیگر میڈیا رپورٹس کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں مسترد کردیا۔
اس سے قبل امریکی میڈیا میں یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کے جوہری پروگرام میں ٹھوس پیش رفت کی صورت میں تہران پر عائد بعض اقتصادی پابندیوں میں نرمی اور منجمد ایرانی اثاثے بحال کرنے پر غور کر رہی ہے۔
ایگزیوس اور سی این این کو امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ امریکا ثالثوں کے ذریعے ایران کے ساتھ مثبت اور تعمیری مذاکرات کر رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق ٹھوس پیش رفت کے بغیر کسی معاہدے تک پہنچنا ممکن نہیں ہوگا اور اس معاملے پر ٹرمپ انتظامیہ اپنے مؤقف پر قائم ہے۔
PNP
Comments are closed.