امریکہ کا پاسداران انقلاب کے تین کمانڈروں کی معلومات پر 15 ملین ڈالر انعام کا اعلان
امریکا نے ایران کے پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس سے وابستہ تین سینیئر کمانڈروں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے افراد کے لیے مجموعی طور پر 15 ملین ڈالر تک انعام کا اعلان کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے قومی سلامتی ڈویژن کے مطابق ’ریوارڈز فار جسٹس‘ پروگرام کے تحت ایسے افراد سے معلومات طلب کی گئی ہیں جو ان کمانڈروں کی شناخت، موجودگی یا سرگرمیوں سے متعلق قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرسکیں۔
امریکی اعلان میں پہلے بریگیڈیئر جنرل عبداللہ محرابی کا نام شامل ہے، جنہیں پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے جہاد ریسرچ اینڈ سیلف سفیشنسی آرگنائزیشن کا سربراہ بتایا گیا ہے۔
دوسرے نام کے طور پر احمد جعفرآبادی کا ذکر کیا گیا ہے، جنہیں ایرو اسپیس فورس کا سینیئر کمانڈر اور آپریشنل امور کا نگران قرار دیا گیا ہے۔ تاہم اعلان میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ آیا اس نام سے مراد ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی جعفرآبادی ہیں یا کوئی دوسری شخصیت۔
امریکی فہرست میں تیسرے کمانڈر کے طور پر علی اصغر نوروزی کا نام شامل ہے، جنہیں پاسداران انقلاب میں تیاری اور معاونت کے نائب کمانڈر کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔
اسی روز امریکا نے ایرانی وزارت دفاع سے منسلک قرار دیے گئے 10 افراد اور اداروں پر نئی پابندیاں بھی عائد کیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کے دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول کی فہرست میں ایران کے علاوہ چین، پاکستان اور میکسیکو سے تعلق رکھنے والے افراد اور ادارے بھی شامل ہیں۔
یہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان بات چیت کا عمل تعطل کا شکار ہے۔ واشنگٹن کی جانب سے تہران پر اقتصادی پابندیوں سمیت مختلف نوعیت کا دباؤ برقرار ہے، جبکہ بعض ایرانی فضائی کمپنیوں کی بین الاقوامی سرگرمیوں کو بھی پابندیوں کا سامنا ہے۔
PNP
Comments are closed.