by Rao Imran Suleman
Rao Nama

قطر کی امریکا ایران جنگ رکوانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری

قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ اور کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی تصدیق کردی ہے۔ دوحہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کی ترسیل اور اختلافات کم کرنے کے لیے رابطے جاری ہیں۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے دوحہ میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ قطر اس وقت امریکی اور ایرانی فریقوں کے درمیان پیغامات پہنچانے میں کردار ادا کر رہا ہے۔
ان کے مطابق قطری ثالثی کا مقصد دونوں ممالک کے مؤقف میں مشترکہ نکات تلاش کرنا اور تنازع کا سفارتی و پرامن حل تلاش کرنے میں مدد دینا ہے۔
ایران پر ممکنہ بڑے امریکی فوجی حملے سے متعلق سوال پر ماجد الانصاری نے کہا کہ قطر خطے میں کشیدگی میں اضافے پر تشویش رکھتا ہے اور حالات کو مزید خراب ہونے سے روکنے کے لیے پرامن حل کی کوشش کررہا ہے۔
قطری حکام کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان متعدد رابطے اور پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے۔ ان میں سے بعض رابطے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بھی ہوئے، جبکہ قطر دونوں فریقوں کے درمیان مزید بات چیت کے لیے سہولت کاری کررہا ہے۔
قطری ترجمان کے مطابق مذاکرات کی راہ میں اب بھی مختلف رکاوٹیں موجود ہیں، تاہم ثالثی کا مقصد دونوں فریقوں کے درمیان اختلافات کم کرنا اور ایسا حل تلاش کرنا ہے جو خطے میں امن و استحکام کی بحالی میں مدد دے۔
قطر نے علاقائی ممالک کو مزید جنگ اور کشیدگی سے محفوظ رکھنے کے لیے مذاکرات، بقائے باہمی اور ایک دوسرے کے خلاف کارروائی سے گریز پر مبنی علاقائی سلامتی کے نظام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

PNP

Comments are closed.