راولپنڈی میں بااثر افراد کا خواتین اور بزرگوں پر تشدد، پولیس خاموش تماشائی بن گئی
راولپنڈی(پی این پی)واہ کینٹ کے علاقے میں بااثر افراد کی جانب سے خواتین اور بزرگوں پر تشدد، پولیس خاموش تماشائی بن گئی۔
ذرائع کے مطابق تشدد کے دوران خواتین چیختی چلاتی پولیس سے مدد مانگتی رہیں تاہم پولیس نے مداخلت کے بجائے آنکھیں چراتی رہیں۔ واقعے کی ویڈیوز بھی سامنے آگئی ہیں جن میں پولیس اہلکاروں کو بااثر افراد کے ہمراہ متاثرہ خاندان کے گھر میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔پولیس کے مطابق جھگڑا اوورسیز فیملی اور ایک سابق سرکاری افسر کے درمیان گھر خالی کرانے کے تنازع پر ہوا۔ متاثرہ خاندان کے مطابق انہوں نے دو سال قبل ایک سرکاری افسر کو گھر کرایہ پر دیا تھا، ایک سال کا معاہدہ ختم ہونے کے باوجود کرایہ دار نہ گھر خالی کر رہا ہے اور نہ ہی کرایہ ادا کر رہا ہے۔
متاثرہ خاندان کے سربراہ صفدر علی کے ویڈیو بیان میں کہا گیا کہ کرایہ دار کئی افراد کے ہمراہ گھر میں داخل ہوا اور خواتین پر تشدد کیا جبکہ گھر میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس بااثر افراد کے ساتھ ملی ہوئی ہے اور ان کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ واہ کینٹ کے نوٹس میں آچکا ہے، متاثرہ فریق کی درخواست موصول ہوگئی ہے اور فریقین کو طلب کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
PNP
Comments are closed.