by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ایشین گیمز کرکٹ فائنل: صدر اے سی سی محسن نقوی شرکت کیوں نہیں کریں گے؟

محسن نقوی—فائل فوٹو

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی ایشین گیمز کے مینز کرکٹ مقابلے کی میڈل تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔

یہ تقریب آج نشین کے کوروجی اسپورٹس پارک میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے سنسنی خیز فائنل کے بعد منعقد ہو گی۔

ایشین گیمز 2026ء کے مینز کرکٹ ایونٹ کا فائنل آج پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق صدر اے سی سی پہلے سے طے شدہ مصروفیات کے باعث فائنل میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے سے کی گئی کمٹمنٹس کی وجہ سے محسن نقوی ایشین گیمز کے لیے نہیں جا سکیں گے، البتہ انہوں نے ایشین گیمز میں میڈلسٹ ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال مینز ٹی ٹوئنٹی ایشیاء کپ جیتنے کے بعد بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی اور میڈلز وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا، جو ایشین کرکٹ کونسل کے صدر ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین بھی ہیں۔

بھارتی ٹیم کے انکار کے باعث ابتداء میں اختتامی تقریب میں تاخیر ہوئی، بعد ازاں فاتح ٹیم کو ٹرافی دیے بغیر ہی تقریب اختتام پذیر ہو گئی تھی۔

ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ اتوار کو اے سی سی ویمنز ٹی20 ایشیاء کپ کے فائنل کے بعد بھی پیش آیا، جب بھارتی ٹیم نے فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کی چیمپئن بننے کے باوجود محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔



PNP

Comments are closed.