by Rao Imran Suleman
Rao Nama

اسموگ کا خطرہ ! تعلیمی اداروں کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا گیا

اسلام آباد(نیوز ڈ یسک) لاہور میں فضائی آلودگی اور اسموگ کی صورتحال کے پیش نظر اسکولوں میں طلبہ، والدین اور عملے کے لیے کارپولنگ کو فروغ دینے کی ہدایت کردی گئی۔

محکمہ تحفظِ ماحول پنجاب (ای پی اے) نے اسموگ کی روک تھام کے لیے اسکول انتظامیہ کو نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہی علاقے یا روٹ سے آنے والے طلبہ، والدین اور اسکول اسٹاف کے لیے مشترکہ گاڑیوں کے استعمال کا انتظام کیا جائے۔ڈی جی ماحولیات پنجاب عبداللہ نیئر شیخ نے کارپولنگ کو انسدادِ اسموگ کی حکمت عملی کا حصہ بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ باہمی رضامندی سے ایسے افراد کو ایک ہی گاڑی میں سفر کی سہولت فراہم کی جائے جو ایک جیسے روٹس سے اسکول آتے جاتے ہیں۔محکمہ ماحولیات کے مطابق اسکول کھلنے کے اوقات میں تعلیمی اداروں کے باہر گاڑیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوجاتا ہے، جس سے ٹریفک کا دباؤ بڑھنے کے ساتھ گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں بھی فضائی آلودگی میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسکولوں کے اطراف غیر ضروری گاڑیوں کی آمدورفت کم کرکے نہ صرف ٹریفک کے مسائل میں کمی لائی جاسکتی ہے بلکہ اسموگ کی شدت کو کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیئر شیخ کے مطابق لاہور میں گاڑیوں کا غیر ضروری اور انفرادی استعمال فضائی آلودگی کے مسئلے کو مزید بڑھا رہا ہے، اس لیے اسموگ کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنا ضروری ہے۔

PNP

Comments are closed.