پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے 12 ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔
پی سی بی کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 12 واں ایڈیشن 18 مارچ سے 2 مئی 2027ء تک کھیلا جائے گا، جبکہ ایونٹ میں مسلسل دوسری مرتبہ 8 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پی ایس ایل کی ونڈو کو گورننگ کونسل اور فرنچائزز کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی ہے، پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا تھا، جس میں تمام 8 فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔
پی ایس ایل 11 میں پہلی مرتبہ پلیئر ڈرافٹ کی جگہ پلیئر آکشن متعارف کرایا گیا تھا، جبکہ ایونٹ کے فائنل میں قذافی اسٹیڈیم میں 32 ہزار 461 تماشائیوں نے شرکت کی، جو ریکارڈ حاضری تھی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل 11 نے دنیا کو لیگ کی صلاحیت دکھائی اور اس دوران سنسنی خیز لمحات، ریکارڈ کراؤڈ اور براڈکاسٹ کے نئے ریکارڈ دیکھنے کو ملے، انہوں نے ایک اور شاندار پی ایس ایل سیزن کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو افسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ 2027ء میں شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کا عزم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 12 کی ونڈو کا اعلان صرف پہلا قدم ہے، آٹھوں ٹیمیں ٹائٹل کے لیے پہلے سے زیادہ پُرعزم ہوں گی، پاکستان سمیت دنیا بھر کے لاکھوں شائقین پی ایس ایل 12 کے منتظر ہیں۔
یاد رہے کہ پشاور زلمی نے پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 9 سال بعد پی ایس ایل ٹرافی جیتی تھی۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کی ڈائریکٹ سائننگز، پلیئر آکشن، شیڈول، وینیوز اور ٹکٹنگ سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
PNP
Comments are closed.