سعودی ایئرپورٹس پر حملوں کا جواب،یمن میں 82 حوثی اہداف تباہ
سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے یمن میں کارروائی کرتے ہوئے 82 فوجی اہداف تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق فضائی کارروائیاں یمن کے صوبوں صعدہ، حدیدہ، الجوف اور مارب میں کی گئیں، جہاں حوثیوں کے مختلف فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان کے مطابق صرف صعدہ میں پہاڑی علاقوں کے اندر موجود بیلسٹک میزائلوں کے ذخیرے سے متعلق 11 تنصیبات تباہ کی گئیں۔ ان کے بقول کارروائی میں حوثیوں کے کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، مواصلاتی نظام، میزائل اور ہتھیاروں کے گودام جبکہ جنگجوؤں کے اجتماع کے مقامات بھی نشانہ بنائے گئے۔
ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ یہ کارروائیاں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملوں کے ردعمل میں کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔
سعودی حکام کے مطابق حوثیوں کے ایئرپورٹس پر حملوں کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 36 زخمی ہوئے۔ حوثی گروپ نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ہوائی اڈوں کو ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
یمن میں حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ حکومتی فورسز کے درمیان جاری لڑائی کے دوران حالیہ دنوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ سعودی حمایت یافتہ فورسز حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں کو واپس لینے کی کوشش کر رہی ہیں، جبکہ خطے میں جاری وسیع تر کشیدگی نے یمن کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
دوسری جانب سعودی اتحاد کی جانب سے 82 اہداف کو تباہ کرنے اور کارروائی میں ہونے والے نقصانات سے متعلق دعووں کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
PNP
Comments are closed.