
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا دورہ کیا۔
عامر سہیل نے قومی کرکٹ اور کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے جاری اقدامات اور جدید سہولتوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے پاکستان کرکٹ کی بہتری اور کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے وسائل فراہم کرنے کے عزم کو سراہا۔
سابق کپتان نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری ترقیاتی کاموں اور ہائی پرفارمنس پروگرامز کا بھی معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے انہیں انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 پروگرامز سمیت نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور ترقی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
عامر سہیل نے اکیڈمی میں دستیاب جدید سہولتوں کا جائزہ لینے کے ساتھ زیرِ تعمیر بائیو مکینیکس لیب بھی دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کی بہتر تربیت کے لیے اب مکمل سہولتیں دستیاب ہیں، پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کی ڈیولپمنٹ اور جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے کرکٹ کی بہتری کے لیے وسائل فراہم کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے، انفرااسٹرکچر پر ہونے والی سرمایہ کاری کے مثبت نتائج کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بھی نمایاں ہونے چاہئیں۔
عامر سہیل نے کہا کہ کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے افراد کا اپنے اپنے شعبوں میں ماہر ہونا بھی انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے بائیو مکینیکس لیب کو کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیوں کی نشاندہی اور انہیں دور کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو گی۔
عامر سہیل نے نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے ترتیب دیے گئے انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 پروگرامز کو بھی حوصلہ افزاء قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کرکٹ کی مضبوط بنیاد رکھنے کے لیے کلب اور اسکول کرکٹ پر مسلسل توجہ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی سی بی کی جانب سے اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ایک مثبت قدم ہے، مگر نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے اسکولوں میں سال بھر کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رہنی چاہئیں۔
PNP
Comments are closed.