by Rao Imran Suleman
Rao Nama

سندھ ہائیکورٹ کا ڈاؤ یونیورسٹی کی طالبہ کو امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دینے کا حکم

کراچی(پی این پی) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے نرسنگ طالبہ نصرت کو امتحان میں شرکت کی اجازت دیتے ہوئے ڈاؤ یونیورسٹی کو ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کردی۔

نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق عدالت میں درخواست گزار کے وکیل محمد نواز ڈاہری نے مؤقف اختیار کیا کہ تکنیکی وجوہات کی بنا پر طالبہ نصرت امتحان دینے سے محروم ہوگئیں جس سے ان کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔ 

وکیل کے مطابق درخواست گزار ڈاؤ یونیورسٹی میں چار سالہ بیچلر آف سائنس اِن نرسنگ پروگرام کی طالبہ ہیں جس کا آغاز 2021 میں ہوا اور اسے 2024 میں مکمل ہونا تھا۔ طالبہ اس سے قبل ڈویلپمنٹل سائیکالوجی کے مضمون کا امتحان بھی دے چکی ہیں۔

 سماعت کے دوران ڈاؤ یونیورسٹی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ یونیورسٹی کو طالبہ کو عارضی طور پر امتحان میں شرکت کی اجازت دینے پر کوئی اعتراض نہیں تاہم یہ اجازت آئینی درخواست کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوگی۔

عدالت نے ڈاؤ یونیورسٹی کو طالبہ کے امتحان میں شرکت کے لیے ضروری انتظامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ امتحان دینے کی اجازت زیرِ سماعت آئینی درخواست کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوگی۔

عدالت نے مزید کارروائی کے لیے معاملہ آئینی درخواست کے ساتھ مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔



PNP

Comments are closed.