by Rao Imran Suleman
Rao Nama

سعودی عرب نے ریاض ائیرپورٹ پر حملے،متعدد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی

ریاض: سعودی عرب نے ریاض ائیرپورٹ پر حملے اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی۔سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے ایک باضابطہ بیان میں اعلان کیا ہے کہ ہفتہ، 10 اکتوبر 2026 کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو ایک حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے تصدیق کی ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اتھارٹی نے واضح کیا کہ ائیرپورٹ کی تنصیبات کو ہونے والے نقصان کے تخمینے اور حفاظتی معائنے کی تکمیل تک ہوائی اڈے کا آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

ریاض ایئرپورٹ پر حملوں کے بعد امریکی مشن کا اپنے شہریوں کیلیے سیکیورٹی الرٹ جاری

دوسری جانب سعودی عرب میں امریکی مشن نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 10 اکتوبر کو ہونے والے حملوں کے بعد سیکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے امریکی شہریوں کو ایئرپورٹ اور اس کے گردونواح میں جانے سے گریز کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔

امریکی مشن کے مطابق، سعودی عرب میں تعینات امریکی حکومتی ملازمین کو ریاض ایئرپورٹ استعمال کرنے کے لیے خصوصی اجازت لینا ہوگی۔

الرٹ میں امریکی شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ حملوں کے باعث پروازیں منسوخ ہونے، فضائی حدود بند ہونے اور سفری نظام میں خلل پڑنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی متعلقہ ایئرلائن اور ایئرپورٹ سے پرواز کی صورتحال کی تصدیق کریں۔

امریکی مشن نے سعودی عرب میں تعینات امریکی حکومتی ملازمین کے لیے سفری پابندیوں کا بھی اعلان کیا ہے۔ ہدایت کے مطابق، سکیورٹی خدشات کے باعث امریکی حکومتی ملازمین یمن کی سرحد سے 20 میل کے اندر سفر نہیں کر سکتے۔

اس کے علاوہ جازان، عسیر اور نجران کے صوبوں جبکہ قطیف، ینبع اور طائف کے شہروں کا سفر کرنے کے لیے بھی خصوصی اجازت حاصل کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

PNP

Comments are closed.