سعودی ایئرپورٹس پرحملے، چندروزمیں دلہن بننے والی مصری ائیرہوسٹس بھی جاں بحق
سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کے دوران شدید زخمی ہونے والی 28 سالہ مصری ائیر ہوسٹس عزہ رمزی محمد حسن دم توڑ گئیں، جن کی چند روز بعد شادی ہونا تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عزہ رمزی سعودی فضائی کمپنی فلائی ناس سے وابستہ تھیں اور ان کا تعلق مصر کے صوبے البحیرہ سے تھا۔ اہل خانہ کے مطابق وہ جلد مصر واپس آ کر اپنی شادی کی تیاریوں میں شامل ہونے والی تھیں، تاہم حملے کے وقت وہ ایئرپورٹ پر اپنی ڈیوٹی انجام دے رہی تھیں۔ شدید زخمی حالت میں انہیں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ مصر کی وزارت خارجہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریاض میں موجود مصری سفارت خانے اور قونصل خانے کو ان کی میت مصر منتقل کرنے کے انتظامات کی ہدایت کی ہے۔
سعودی سول ڈیفنس اور حکام کے مطابق ریاض ایئرپورٹ پر ہونے والے اس حملے میں مجموعی طور پر 12 افراد جاں بحق اور 309 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 4 سعودی اور 2 بنگلا دیشی شہری شامل ہیں، جبکہ امریکا، مصر، اردن، شام، فلسطین اور سوڈان کا 1، 1 شہری بھی جان کی بازی ہار گیا۔
دوسری جانب سعودی سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق حوثی ملیشیا نے ریاض کے بعد دمام میں شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ دمام ایئرپورٹ پر حملے کے بعد ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ ایئرپورٹس کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
PNP
Comments are closed.