کراچی (پی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے نئے صوبوں پر ریفرنڈم کے معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔
نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق نثا کھوڑو نے کہا کہ سندھ اسمبلی نئے صوبوں کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کر کے اپنا فیصلہ دے چکی ہے، نئے صوبوں کے قیام کیلیے آئین میں طریقہ کار ہے ریفرنڈم کی باتیں غیر آئینی ہیں، سندھ اسمبلی کی قرارداد کے بعد ریفرنڈم کا راگ الاپنا بند کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے متنازع کینالز کو مشترکہ مفادات کونسل سے مسترد کروایا، صوبے کے پانی پر ڈاکا ڈال کر عوام کی زندگیاں چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے، صوبے کو 1991 کے پانی معاہدے کے تحت اس کا حصہ فراہم کیا جائے، کوٹری بیراج سے 10 ملین ایکڑ فٹ پانی چھوڑنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ ٹھٹھہ اور بدین سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں کی 30 لاکھ ایکڑ سے زائد زمین سمندر برد ہو چکی ہے، کوٹری بیراج سے 10 ملین ایکڑ فٹ پانی چھوڑنے سے سمندری پیش قدمی روکی جا سکتی ہے، سندھ پر پانی ضائع کرنے کا الزام لگا کر صوبے کو بنجر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ پر تنقید کرنے والے پہلے پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کروائیں، سندھ واحد صوبہ ہے جہاں بلدیاتی نظام مسلسل اپنی مدت پوری کر رہا ہے، پنجاب اور اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں بلدیاتی نظام موجود نہیں۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نے کہا کہ 30 نومبر کو یوم تاسیس پر سندھ بھر میں جلسے کیے جائیں گے، اور صوبے کی وحدت اور بقا کا پیغام اجاگر کیا جائے گا، نئے صوبوں اور متنازع کینالز کے خلاف پیپلز پارٹی اور سندھ اسمبلی کا تاریخی کردار اجاگر کریں گے۔
PNP
Comments are closed.