by Rao Imran Suleman
Rao Nama

جن اسمبلیوں نے صوبے بنانے کی قرارداد پاس کی ہے وہ سو بسم اللّٰہ کریں ہمیں کوئی اعتراض نہیں: ناصر

کراچی ( پی این پی ) سندھ کے وزیرِ بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو واضح کر چکے کہ جو عوام کا فیصلہ ہو گا وہی سندھ کی تقدیر ہو گی۔جن اسمبلیوں نے صوبے بنانے کی قرارداد پاس کی ہے وہ سو بسم اللّٰہ کریں، ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

’’جنگ ‘‘ کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ نئے صوبے بنانے پر ریفرنڈم ہو سکتا ہے لیکن اس کے لیے بھی طریقۂ کار موجود ہے۔ صوبے کی تشکیل کے لیے صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے بل پاس کروانا آئین میں موجود ہے، جن اسمبلیوں نے صوبے بنانے کی قرارداد پاس کی ہے وہ سو بسم اللّٰہ کریں، ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

سندھ کے وزیرِ بلدیات نے کہا کہ صدر زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ بھی آئین کی بات کرتے ہیں، صوبے سے متعلق سندھ اسمبلی اور عوام واضح فیصلہ دے چکے ہیں جس کا احترام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صدر زرداری اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے تعلقات ذاتی نوعیت کے ہیں، ان دونوں کی ملاقات سے متعلق قیاس آرائی مناسب نہیں۔محسن نقوی کی صدر زرداری سے ملاقات نہ صوبے کے لحاظ سے تھی، نہ کسی اور چیز پر، صدر زرداری کا محسن نقوی سے ذاتی تعلق ہے جس کی وجہ سے وہ ملاقات کے لیے آئے تھے، ان کے درمیان کچھ ایشوز پر ضرور بات ہوئی ہو گی۔ جو قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں ان میں سے کوئی چیز بھی ملاقات میں زیرِ بحث نہیں آئی۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کو وزیرِ اعظم سے ملاقات کے لیے کسی سفارش کی ضرورت نہیں، ہم ایم کیو ایم کو سنجیدگی سے نہیں لیتے، ہمیں تو ان سے ہمدردی ہے، وہ اپنے اندرونی مسائل حل کریں۔



PNP

Comments are closed.