کراچی(پی این پی) کراچی کی صوبائی انسداد منشیات عدالت نے منشیات برآمدگی کے مقدمے میں ملزمہ انمول عرف پنکی اور اس کے دو شریک ملزمان پر فرد جرم عائد کردی، تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
دنیا نیوز کے مطابق کراچی کے جیل کمپلیکس میں قائم صوبائی انسداد منشیات عدالت میں منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے ڈیفنس تھانے میں درج مقدمے کے ملزمان انمول عرف پنکی، عباد اور عزیز الرحمان پر فرد جرم عائد کردی۔
سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان کو الزامات پڑھ کر سنائے، تاہم تینوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
عدالت نے مقدمے کی مزید کارروائی کے لیے استغاثہ کے گواہان کو 23 نومبر کو طلب کرلیا۔
استغاثہ کے مطابق انمول عرف پنکی اور اس کے شریک ملزمان عباد اور عزیز الرحمان کے خلاف رواں سال ڈیفنس تھانے میں منشیات برآمدگی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقدمے کے مطابق پولیس نے مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی تو ایک شریک ملزم منشیات پھینک کر فرار ہوگیا، جبکہ موٹر سائیکل چلانے والے گرفتار ملزم عباد کے قبضے سے بھی ایک کلو چرس برآمد ہوئی تھی۔
استغاثہ کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف کیا تھا کہ برآمد ہونے والی منشیات ملزمہ انمول عرف پنکی نے فراہم کی تھی، جس کے بعد شریک ملزمان کے بیانات کی روشنی میں انمول پنکی کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا۔
عدالت میں مقدمے کی مزید سماعت 23 نومبر کو ہوگی۔
PNP
Comments are closed.