by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پنجاب میں صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے بڑے منصوبے، چوتھی بین الاقوامی نمائش کا افتتاح

0

لاہور: صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ایکسپو سینٹر لاہور میں چوتھے ہیلتھ، انجینئرنگ اینڈ منرلز شو 2025 کا افتتاح کر دیا۔ نمائش میں 180 مقامی اور 160 غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندگان شریک ہوئے جو پاکستان میں صنعت، معدنیات اور ہیلتھ ٹیکنالوجی کی ترقی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ نمائش پاکستان کی صنعتی ترقی اور عالمی شراکت داری کا ایک اہم مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے، جہاں بلوچستان میں اربوں ڈالر مالیت کے تانبے (Copper) اور پنجاب میں قیمتی زنک کے ذخائر موجود ہیں۔ زنک الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹریز میں بنیادی جزو کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔

چوہدری شافع حسین نے مزید کہا کہ معدنیات کی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے ان کی برآمدات سے ملک کو قیمتی زرمبادلہ حاصل ہو سکتا ہے اور زمین میں چھپے خزانوں کو بروئے کار لا کر قومی معیشت کو مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب کے اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہاں سرمایہ کاری کرنے والوں کو 10 سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کرنے کی سہولت میسر ہے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سالٹ رینج میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ اور قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 130 ایکڑ پر محیط فارماسیوٹیکل ویلی قائم کی جا رہی ہے۔ قائداعظم بزنس پارک میں فارما انڈسٹری کے لیے تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ پنجاب ادویات سازی میں خود کفالت حاصل کرے اور برآمدات میں اضافہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی اسٹیٹس میں سرمایہ کاروں کو لیز پر زمین، جدید انفراسٹرکچر اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ باآسانی صنعتی یونٹس قائم کر سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.