لاہور:فلم، ڈرامہ اور تھیٹر میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی معروف فلمی اداکارہ خوشبو خان نے پہلی بار اپنی نجی زندگی، دکھوں اور اندرونی کشمکش کے حوالے سے حیران کن انکشافات کیے ہیں۔
وہ حال ہی میںایک شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں ان کی گفتگو نے شائقین کے دلوں کو چھو لیا۔
خوشبو خان نے بتایا کہ ان کا فنی سفر صرف 7 سال کی عمر میں شروع ہو گیا تھا، جب وہ بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کرنے پر مجبور ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ، یہ میری پسند نہیں تھی۔ میں ہمیشہ سے ٹیچر بننا چاہتی تھی۔ لیکن مجھے شوبز میں دھکیلا گیا، اور یہ سب ایک معمول میں بدل گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ مسلسل کام کرتی رہیں اور اسی دوران اپنی تعلیم مکمل نہ کر سکیں، جس کا انہیں آج بھی شدید افسوس ہے۔
اداکارہ نے اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں بے شمار قربانیاں دیں، چاہے وہ دوست ہوں، خاندان والے ہوں یا کوئی خاص شخص سب سے وفا کی، لیکن بدلے میں صرف دھوکہ ملا۔
میں نے سب کے لیے جیا، سب کی مدد کی، مالی طور پر بھی اور جذباتی طور پر بھی۔ لیکن جب مجھے ضرورت پڑی، سب نے منہ موڑ لیا۔ ان کا کہنا تھا۔
خوشبو خان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ پچھلے کئی سالوں سے ڈپریشن کا شکار رہی ہیں۔ وہ مہینوں اپنے کمرے میں بند رہیں، کسی سے بات نہیں کی، صرف روتی رہیں۔
اداکارہ نے کہ، مجھے لگتا تھا میں صرف تھکی ہوئی ہوں، لیکن دراصل میں ڈپریشن میں تھی۔ میں نے اس سے خود ہی لڑا، اور خود ہی نکلی، لیکن اس عمل میں اندر سے ٹوٹ گئی۔
خوشبو خان کی شادی معروف فلمی اداکار ارباز خان سے ہوئی ہے، اور اس جوڑے کے دو بچے ہیں۔ اگرچہ ان کی ذاتی زندگی بظاہر خوشحال دکھائی دیتی ہے، لیکن انٹرویو میں سامنے آنے والی حقیقتیں بتاتی ہیں کہ وہ اندر سے ایک مسلسل جدوجہد سے گزر رہی ہیں۔
اداکارہ کی صاف گوئی اور دل کو چھو لینے والی گفتگو نے سوشل میڈیا پر بھی ہلچل مچا دی ہے۔ مداحوں نے نہ صرف ہمدردی کا اظہار کیا بلکہ ان کے حوصلے اور ہمت کو بھی سراہا۔
واضح رہے گزشتہ دنوں پاکستانی اداکار ارباز خان کے والد آصف خان اپنی بہو سے ناراض کیوں ہیں؟ اس حوالے سے انہوں نے لب کشائی کی۔
ایک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے پاکستانی اداکار ارباز خان کے والد آصف خان کا کہنا تھا کہ خوشبو سے شادی میرے بیٹے ارباز کی بڑی غلطی ہے۔ پانچ سال ہوگئے ان سے نہ میں ملا نہ وہ ۔۔
انہوں نے کہا کہ ارباز بہت اچھا بچہ تھا، پتہ نہیں اس نے ایسی جگہ شادی کیوں کرلی؟ ہماری فیملی میں تو کوئی سیٹی تک نہیں بجا سکتا، اتنے سادے اور اچھے لوگ ہیں۔
آصف خان نے کہا کہ ارباز خان بس اُس ماحول میں پھنس گیا، ہم شادی کے خلاف تھے مگر اس نے کرلی، اب ماشاء اللہ اس کے دو جوان بچے ہیں، اب جو ہوگیا سو ہوگیا۔
انہوں نے ایک دوسرے سے نہ ملنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نہ وہ ہم سے تعلق رکھتے ہیں نہ ہم اُن سے ملتے ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ میں ارباز خان سے ناراض نہیں ہوں، وہ میرا پیارا بچہ ہے، ناراضگی تھی کچھ دن کے لئے لیکن اب وہ ختم ہوچکی ہے۔
آخر میں ارباز کے والد کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے کی بیوی خوشبو اسٹیج پر کام کرتی ہے، جو مجھے پسند نہیں، اللہ اسے نیک ہدایت دے۔