پنجاب کے تعلیمی اداروں میں 3 ماہ کی چھٹیوں کے نوٹیفیکیشن پر عملدرآمد فوری روکنے کی استدعا مسترد
اسلام آباد (پی این پی)لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں تین ماہ کی گرمیوں کی تعطیلات کے
خلاف فوری حکم امتناع جاری کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ یہ درخواست آل پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس پر سماعت جسٹس خالد اسحاق نے کی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان میں تعلیمی دنوں کی تعداد کم ہو کر تقریباً 120 رہ گئی ہے، جبکہ امریکا اور برطانیہ جیسے ترقی یافتہ ممالک میں تعلیمی سال تقریباً 230 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ طویل تعطیلات کے باعث طلبہ کی تعلیم متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے پنجاب حکومت کی جانب سے تین ماہ کی چھٹیوں کا جاری کردہ نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ موسم گرما کی تعطیلات کو محدود کرتے ہوئے صرف 6 سے 8 ہفتوں تک رکھا جائے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں زیادہ متاثر نہ ہوں۔
عدالت نے فوری طور پر نوٹیفکیشن معطل کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پنجاب حکومت اور دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں اور اس معاملے پر جواب طلب کر لیا ہے۔
PNP
Comments are closed.