by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ایران نئے حملوں کیلئے پہلے سے زیادہ تیار، سی این این کا دعویٰ

امریکی انٹیلی جنس رپورٹ نے ایران سے متعلق دعووں پر سوالات اٹھا دیے

0

 مئی 2026 | تہران / واشنگٹن (نیوز ڈیسک)

امریکی انٹیلی جنس کی تازہ رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران نے توقعات سے کہیں زیادہ تیزی کے ساتھ اپنی فوجی اور دفاعی صلاحیتوں کی بحالی شروع کر دی ہے اور نئے ممکنہ حملوں کے لیے پہلے سے زیادہ تیاری کر رہا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی خصوصی رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس کے متعدد ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی عسکری بحالی کی رفتار ابتدائی اندازوں سے کہیں زیادہ تیز ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران کی بیلسٹک میزائل، ڈرون اور فضائی دفاعی صلاحیتیں مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئیں بلکہ ان کا ایک بڑا حصہ اب بھی محفوظ ہے۔

امریکی انٹیلی جنس کے مطابق تقریباً دو تہائی ایرانی میزائل لانچرز فعال یا محفوظ حالت میں موجود ہیں جبکہ ہزاروں ڈرونز بھی ایران کے پاس موجود ہیں جو اس کی مجموعی ڈرون صلاحیت کا تقریباً پچاس فیصد بنتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کے دوران ایران نے محدود پیمانے پر ڈرونز کی پیداوار دوبارہ شروع کر دی تھی اور اندازہ ہے کہ آئندہ چھ ماہ کے اندر ایران اپنی ڈرون حملہ کرنے کی صلاحیت مکمل طور پر بحال کر سکتا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایران ان میزائل لانچرز، میزائل سائٹس اور دفاعی تنصیبات کو بھی تیزی سے بحال کر رہا ہے جنہیں امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں نقصان پہنچا تھا۔

امریکی انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق ایران کو روس اور چین کی تکنیکی اور صنعتی معاونت بھی حاصل رہی، جبکہ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ چین جنگ کے دوران ایران کو میزائل سازی کے لیے ضروری پرزے فراہم کرتا رہا۔ تاہم چین نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی اور اسرائیلی حملوں نے ایران کی عسکری صلاحیت کو کمزور ضرور کیا لیکن اسے مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا سکا، اور ایران نسبتاً کم وقت میں اپنی دفاعی اور صنعتی طاقت بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.