ایران کا امریکی دعوؤں کی تردید، جوہری معاملہ زیرِ بحث نہ آنے کا دعویٰ
ایران نے ٹرمپ کے بیانات کو مسترد کر دیا
تہران | 24 مئی 2026
ایران کے انقلابی گارڈز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ سوشل میڈیا پوسٹس کو پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے جوہری پروگرام پر کسی قسم کا باضابطہ معاہدہ یا وعدہ نہیں کیا گیا۔
ایران کی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق انقلابی گارڈز کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر پہلے ہی یہ اعلان کر چکے تھے کہ ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کسی بھی ممکنہ معاہدے کی بنیادی اور لازم شرط ہوں گے، تاہم ایران کی جانب سے ایسا کوئی عہد نہیں کیا گیا اور اس مرحلے پر جوہری مسئلہ زیرِ بحث ہی نہیں آیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی حکام نے مختلف مواقع پر ایران کو یہ بھی بتایا کہ ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹس زیادہ تر اندرونِ ملک سیاسی اور میڈیا مقاصد کے لیے ہوتی ہیں، اس لیے ایسے بیانات کو زیادہ اہمیت نہ دی جائے۔
ایران نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ جوہری پروگرام کے حوالے سے تہران کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔