فیلڈ مارشل کی ایرانی قیادت سے ملاقاتوں میں حوصلہ افزا پیشرفت ہوئی ہے، آئی ایس پی آر
خطے میں امن کیلئے مثبت پیش رفت
اسلام آباد | 24 مئی 2026
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایران کی اعلیٰ قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں میں خطے کی کشیدگی کے خاتمے کے لیے حتمی سمجھوتے کے حوالے سے حوصلہ افزا پیشرفت ہوئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا مختصر اور انتہائی مؤثر دورۂ ایران مکمل ہوگیا، جس کے دوران ان کی ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ ملاقاتیں 8 اپریل کی جنگ بندی کے بعد خطے میں موجود کشیدہ صورتحال کے تناظر میں تناؤ میں کمی اور تعمیری مذاکرات کے لیے جاری سفارتی اور ثالثی کوششوں کا حصہ تھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقاتیں کیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ملاقاتوں کے دوران خطے میں امن، استحکام اور حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے جاری مشاورتی عمل کو مزید وسعت دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔