تہران: (ویب ڈیسک) 25 مئی 2026
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران عالمی برادری کو یہ یقین دہانی کرانے کے لیے تیار ہے کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کر رہااور نہ ہی خطے میں بدامنی چاہتا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسلامی جمہوری ایران براڈکاسٹنگ (آئی آر آئی بی) کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ تہران سفارت کاری، علاقائی امن اور استحکام کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی ایشیا میں جنگ اور عدم استحکام کا اصل سبب ایران نہیں بلکہ اسرائیل ہے۔
صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران دنیا کو یہ یقین دلانے کے لیے تیار ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کا خواہاں نہیں، جبکہ ملک خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کی پالیسی پر کاربند ہے۔ ان کے مطابق بعض عناصر خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے ایرانی صدر نے کہا کہ مذاکراتی ٹیم قومی عزت، خودمختاری اور وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
ایرانی حکام کے مطابق ایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کے تحت توانائی کی پیداوار، طبی تحقیق اور سائنسی ترقی کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کا قانونی حق رکھتا ہے۔
دوسری جانب امریکا اور اس کے مغربی اتحادی ایران پر جوہری ہتھیاروں سے متعلق تکنیکی صلاحیت حاصل کرنے کی کوشش کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔
ایران مسلسل ان الزامات کو مسترد کرتا آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی پالیسی اور سپریم قیادت کی ہدایات اس معاملے پر واضح اور فیصلہ کن ہیں۔