امریکا اور ایران کے درمیان 60 روزہ جنگ بندی میں توسیع کا امکان
ایران یورینیم افزودگی محدود کرنے پر آمادہ، امریکی میڈیا کا دعویٰ
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) 25 مئی 2026
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدے کے تحت ساٹھ روزہ جنگ بندی میں توسیع کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ فریقین جلد مفاہمتی یادداشت (Memorandum of Understanding)پر دستخط کر سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مجوزہ مفاہمتی یادداشت کی مدت ابتدائی طور پر ساٹھ روز ہوگی، تاہم باہمی رضامندی سے اس میں توسیع کی گنجائش بھی رکھی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اس مدت کے دوران آبنائے ہرمز کو بغیر کسی ٹول یا رکاوٹ کے عالمی بحری آمدورفت کے لیے کھلا رکھا جائے گا، جبکہ ایران آبنائے ہرمز میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں ہٹانے پر بھی آمادہ ہوگیا
ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کو محدود کرنے سے متعلق مذاکرات بھی جاری رہیں گے۔ مجوزہ معاہدے کے تحت امریکا ایرانی بندرگاہوں پر عائد بعض پابندیوں میں نرمی کرے گا، جبکہ ایران کو عالمی منڈی میں تیل کی آزادانہ فروخت کے لیے معاشی سہولتیں فراہم کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق مجوزہ یادداشت میں ایران کی جانب سے ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کرنے کی یقین دہانی شامل ہوگی، جبکہ یورینیم افزودگی پروگرام کی معطلی اور انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخائر کے خاتمےسے متعلق مذاکرات بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ایران محدود پیمانے پر یورینیم افزودگی پر آمادگی ظاہر کر چکا ہے۔ مزید برآں ساٹھ روزہ عبوری مدت کے دوران امریکی افواج خطے میں موجود رہیں گی، جبکہ حتمی معاہدہ طے پانے کے بعد انخلا سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مجوزہ معاہدے میں لبنان میں جاری کشیدگی اور جنگ کے خاتمے سے متعلق نکات کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔