عید کے روز سیاست سے گریز، مرتضیٰ وہاب نے مخالفین کو "دو کلیجیاں” کھانے کا مشورہ دے دیا
مرتضیٰ وہاب کا فاروق ستار اور علی خورشیدی کو عیدی پیغام
27mayکراچی: (نیوز ایجنسیاں)
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کراچی کی انتظامیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوتی ہے، جس کے باعث پانچ روز تک تمام بلدیاتی ادارے مکمل طور پر متحرک رہتے ہیں۔
پولو گراؤنڈ میں نمازِ عیدالاضحیٰ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے تمام مسلمانوں کوعید کی مبارکباد پیش کی۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ شہر میں آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے تین خصوصی پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس 98 ٹن آلائشوں کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا تھا، جبکہ اس سال اس سے بھی زیادہ مقدار کی توقع کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کی ذمہ داری سالڈ ویسٹ بورڈ پر عائد ہوتی ہے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی علاقے سے آلائشیں نہ اٹھائی جائیں تو وہ 1128 ہیلپ لائن پر شکایت درج کرائیں۔
سیاسی سوالات کے جواب میں مرتضیٰ وہاب نے خوشگوار انداز اپناتے ہوئے کہا کہ "عید کے روز بھی سیاسی سوال کریں گے تو محبت کیسے بڑھے گی؟”
انہوں نے مزید کہا کہ وہ فاروق ستار اور علی خورشیدی کے بیانات کا جواب دیتے رہتے ہیں، تاہم آج کے دن ان کے لیے عید کی مبارکباد ہے اور "دو کلیجیاں زیادہ کھائیں”۔
یہ بیان عیدالاضحیٰ کے دوران شہر میں صفائی اور انتظامی اقدامات کے حوالے سے سامنے آیا ہے۔