طوفانی بارشوں نے مختلف شہروں میں تباہی مچا دی، 5 افراد جاں بحق
لاہور، فیصل آباد سمیت کئی شہر آندھی اور موسلا دھار بارش کی لپیٹ میں
لاہور، فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، حادثات میں 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی شدید بارش نے معمولات زندگی متاثر کر دیے۔ لاہور، فیصل آباد، بہاولنگر، چنیوٹ، راجن پور، بورے والا اور جہانیاں سمیت کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث مختلف حادثات پیش آئے۔
فیصل آباد میں مکان کی چھت گرنے سے پانچ افراد زخمی ہوگئے، جبکہ بہاولنگر میں دیوار گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے۔ چنیوٹ میں آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش سے متعلق مختلف حادثات میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔
شدید بارش کے باعث متعدد علاقوں میں درخت اُکھڑ گئے اور کئی بجلی فیڈرز ٹرپ کر جانے سے بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر خراب موسمی حالات کے باعث پروازوں کی آمد و روانگی میں بھی مشکلات پیش آئیں۔