by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا اتحاد مجبوری کا اتحاد ہے، دونوں اقتدار میں رہنا چاہتے ہیں: خواجہ آصف

ہمارے پاس زیادہ نہیں، محدود آپشنز ہیں، وزیر دفاع

0

اسلام آباد (26 جون)  وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کا اتحاد مجبوری کا اتحاد ہے، کیونکہ دونوں جماعتیں اقتدار میں رہنا چاہتی ہیں اور موجودہ سیاسی حالات میں ان کے پاس محدود آپشنز موجود ہیں۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ کسی کی قربانیوں کو درجہ بندی میں تقسیم کرنا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے اپنا گھر بار چھوڑ کر ہجرت کی، ان کی قربانیاں قابلِ احترام ہیں، جبکہ بھارت سے ہجرت کرکے آنے والے خاندانوں نے اپنے عزیز و اقارب کی قربانیاں دے کر پاکستان میں نئی زندگی کا آغاز کیا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مہاجرین کی نشستوں کا معاملہ نئے انتخابات کے بعد نئی اسمبلی میں زیرِ بحث لا کر جمہوری انداز میں حل کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں بھی بالواسطہ انتخابات ہوئے وہاں دباؤ اور دولت کا زیادہ استعمال دیکھنے میں آیا، اس لیے "ون مین، ون ووٹ” کے اصول کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کے خدشات دور کیے جا سکیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کشمیر کاز کی ذمہ داری نبھائی ہے اور اس کی توہین نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پیپلزپارٹی کی قیادت کا احترام کرتے ہیں، تاہم آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود موجودہ حالات پر سوالات اٹھتے ہیں۔ ان کے مطابق حکومت کا کام صرف اقتدار میں رہنا نہیں بلکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنا بھی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.