by Rao Imran Suleman
Rao Nama

والدین سے اضافی رقم وصول کرنے والے نجی سکولوں کے لئے شکنجہ تیار

کراچی(پی این پی) اضافی اور پوشیدہ فیسیں وصول کرنے والے نجی سکولوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔محکمہ تعلیم سندھ نے اضافی اور پوشیدہ فیسیں وصول کرنے والے نجی سکولوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن اور ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز رفیعہ جاوید کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا کہ بعض نجی اسکول والدین سے منظور شدہ ٹیوشن فیس سے زائد رقم اور اضافی و پوشیدہ چارجز وصول کر رہے ہیں، جو قواعد کے خلاف ہے۔تمام نجی اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف منظور شدہ فیسیں وصول کریں اور فیسوں کی تفصیلات اسکول کے نوٹس بورڈ پر نمایاں طور پر آویزاں کریں۔ والدین کے مطالبے پر منظور شدہ ٹیوشن فیس سے متعلق سرکاری احکامات کی نقل بھی فراہم کی جائے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اضافی یا پوشیدہ فیسیں وصول کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ تمام نجی اسکولوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم نے غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کو 15 روز کے اندر اپنی آن لائن رجسٹریشن درخواستیں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔احکامات میں کہا گیا ہے کہ جو نجی اسکول محکمہ تعلیم کے مقررہ معیار پر پورا نہیں اتریں گے، انہیں رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جائے گا، جبکہ ایسے اسکولوں کو بند کرانے کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو درخواست بھیجی جائے گی اور وہاں زیر تعلیم طلبہ کو قریبی رجسٹرڈ اسکولوں میں منتقل کیا جائے گا۔



PNP

Comments are closed.